Fatwa Finder Logo
Ashraf Ul Fatawa

Ashraf Ul Fatawa

http://ashrafulfatawa.com/

زیر نظر ’’اشرف الفتاویٰ‘‘ ان فتاویٰ کا مجموعہ ہے جن کے سوالات معہد اُم القریٰ جامعہ اشرفیہ کے زیر انتظام مفتی آن لائن کے شعبہ میں بذریعہ ای میل (E-mail)موصول ہوئے۔

اہل نظر و فکر اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ موجودہ مادی ترقی کے دور میں جہاں دین مخالف خیالات کو ایک منظم انداز سے، میڈیا کے ذریعے عوام میں منتقل کیا جا رہا ہے اور ذرائع نشر و اشاعت سے حیا سوز اور قابل اعتراض مواد کو پھیلانے کی تگ و دو میں مسابقت جاری ہے، وہاں علماء کرام لوگوں کو ہدایت کی طرف لانے اور ان کی دینی تعمیر و ترقی کے لیے جدید ذرائع مواصلات اور انٹرنیٹ کی سہولت کو حسب استطاعت دین کے فروغ کے لیے استعمال کرنے سے غافل نہیں رہے۔

معہد اُم القریٰ جامعہ اشرفیہ لاہور کا شعبہ مفتی آن لائن (mutfi on line)اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، جہاں ملک اور بیرون ملک سے دین کی پیاس رکھنے والے احباب کرام کی جانب سے مختلف دینی امور پر سوالات پوچھے جاتے رہے اور مفتیانِ کرام انتہائی تحقیق و جستجو کے بعد ان مسائل کا شرعی حل بتا کر لوگوں کی دینی راہنمائی فرماتے رہے۔ کتاب ہذامیں بذریعہ ای میل (E-mail)موصول ہونے والے سوالوں کے جوابات میں سے بعض فتاویٰ یکجا کیے گئے ہیں اور ان مسائل کی اشاعت کا ترجیحاً اہتمام کیا گیا جو عملی نوعیت کے جدید مسائل ہوں اور موجودہ دور میں جن کی شرعی تطبیق کی طرف لوگوں کی راہنمائی کی زیادہ ضرورت ہو ۔

اس مجموعہ میں ذکر کیے گئے فتاویٰ کی کل تعداد تقریباً ساڑھے پانچ سو کے قریب ہے او ریہ بذریعہ ای میل دنیا بھر سے بھیجے جانے والے کل فتاویٰ کی تعداد کا تقریباً آٹھواں حصہ ہے۔ یہ فتاویٰ وہ تھے جو ای میل کے ذریعہ تحریراً بھیجے گئے۔ جو فتاویٰ بآواز اور براہِ راست مکالمہ (Chatting) کے ذریعے بھیجے گئے ان کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔

زیر نظر مجموعۂ ’’اشرف الفتاوٰی‘‘ میں اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ قابل تخریج فتاویٰ کے حوالوں کی تخریج کی جائے اور مستند کتب اور مأخذ سے حوالے تلاش کرکے فتاویٰ کو مدلل انداز سے یکجا کیا جائے تاکہ قاری اگر اصل کتب کی مراجعت سے مزید توثیق کرنا چاہے تو اسے دقت پیش نہ آئے۔

مذکورہ کتاب میں انسانی بساط کے مطابق اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ فتاویٰ کی تحریر میں اغلاط سے بچا جائے تاہم انسان کی فطرت میں خطا کا امکان موجود ہے نیز بعض ایسے مسائل بھی ہو سکتے ہیں جن کے جواب میں معاصر علماء کا اختلافِ رائے ہو سکتا ہے، علمی نوعیت کا اختلافِ رائے وسعت نظر کی راہیں کھولتا ہے اور بعض مسائل کا جواب عرف کے بدلنے سے بدل جاتا ہے، ایسے مسائل اگر محسوس ہوں جن میں بظاہر تضاد نظر آئے یا اس بارے میں علمائِ کرام کی رائے مختلف ہو تو انہیں مندرجہ بالا توضیح پر محمول کیا جائے۔

مذکورہ کتاب کو فقہی کتب کی ترتیب کے مطابق ابواب اور عناوین لگا کر مرتب کیا گیا ہے اور شروع میں جامع فہرست دی گئی ہے اور ہر فتویٰ کی ابتدا میں مختصر عنوان لگا کر مطلوبہ فتویٰ کی تلاش کو آسان بنا دیا گیا ہے۔

خداوند کریم جزائے خیر عطا فرمائے اُن تمام حضرات کو جنہوںنے اس کارِ خیر پر تعاون فرمایا خصوصاًحضرت مولانا سیف الرحمن صاحب شیخ الحدیث مدرسہ صولتیہ مکہ مکرمہ ۔اور مخدوم و مکرم جناب ڈاکٹر شیر علی صاحب مستشفیٰ اُم القریٰ مکہ مکرمہ۔ اور محترم جناب سردار یاسین ملک صاحب ہلٹن فارما کراچی و محترم جناب ایس ایم رفیع صاحب پرنسپل معہد اُم القریٰ اور وائس پرنسپل حافظ زبیر حسن صاحب اور ان کی پوری ٹیم جو اس ادارہ کی ترقی کے لئے محنت اور کوشش کر رہی ہے۔ دلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان تمام حضرات کو دارین کی سعادتیں نصیب فرمائے۔ آمین

linkedin facebook pinterest youtube rss twitter instagram facebook-blank rss-blank linkedin-blank pinterest youtube twitter instagram